پنجاب کے دریائوں میں تباہ کن سیلابی صورتحال برقرارہے،پنجاب میں سیلابی صورتحال پر چیف سیکریٹری پنجاب کی زیر صدارت ہونےوالے اجلاس میں جھنگ اور چنیوٹ کو بچانے کیلئے رواز پل کو توڑنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔
پنجاب میں سیلابی صورتحال پر چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے کمیٹی روم میں اہم اجلاس ہوا،صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے ویڈیو لنک کے ذریعےاجلاس میں شرکت کی،ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید اور ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نےبھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں اضافی انتظامی افسران کی تعیناتی کے فیصلے کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند رکھنے پر غورکیاگیا،کلینک آن وہیلز کوبھی سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں فوری روانہ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں،اجلاس میں ننکانہ، شیخوپورہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دریائی بیلٹ کے علاقوں کو فوری خالی کروانے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔
چیف سیکرٹری نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے پنجاب اور انتظامی افسران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ تمام ادارے اور افسران اپنے فرائض بہترین انداز میں سر انجام دے رہے ہیں،وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق ریسکیو و ریلیف سامان کی تمام تر ڈیمانڈز کو پورا کیا جا رہا ہے۔
چیف سیکرٹری نےسیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ ویلیج قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ٹینٹ ویلیجز میں تمام بنیادی و طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کے چارے کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں،محکمہ لائیوسٹاک ونڈہ چارہ اور مویشیوں کی ویکسین فراہم کرنے کا ذمہ دار ہے۔
چیف سیکرٹری نے تمام اضلاع کے میڈیکل کیمپس میں ضروری ادویات اور سانپ کے کاٹنے کی ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کیڈی جی پی ڈی ایم اے نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ مون سون بارشوں کے 9 ویں سپیل کے دوران گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ساہیوال میں بارشیں ہوں گی،دریائے چناب میں پانی کا بڑا ریلا جھنگ کی طرف بڑھ رہا ہے،راوی میں 2 لاکھ 17 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا آگے بڑھ رہا ہے، آئندہ چند گھنٹوں میں بہاؤ میں کمی متوقع ہے۔
محکمہ آبپاشی،صحت، لائیو سٹاک اورزراعت کے محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کاکہناہے کہ شاہدرہ کے مقام پر سیلابی پانی میں کمی ہونے لگی ہے،دریاے راوی میں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 20 ہزار کیوسک تک پہنچا ،چند گھنٹوں میں پانی کے بہاؤ میں 9 ہزار کیوسک کمی رونما ہوئی اورموجودہ بہاؤ 2 لاکھ11 ہزار کیوسک تک آگیا ہے،تمام اداروں کے ساتھ کوآرڈینشن سے جانی نقصان سے بچا گیا ۔