یکم جون سے 9 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات ہوں گی،محکمہ سکولز ایجوکیشن نے موسم گرما کی چھٹیوں کا شیڈول فائنل کر لیا تاہم اگر درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ہوا تو ممکن ہے چھٹیاں ایک ہفتہ پہلے ہی دے دی جائیں، یہ فیصلہ والدین، طلبہ اور اساتذہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، کیونکہ شدید گرمی بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر ہر جگہ محسوس کیا جا رہا ہے اور پاکستان بھی ان خطرات سے محفوظ نہیں۔
گلوبل وارمنگ نے نہ صرف موسم کے معمولات کو درہم برہم کر دیا ہے بلکہ قدرتی آفات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، تحقیقات کے مطابق پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے، جہاں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات ممکنہ طور پر سب سے زیادہ تباہ کن ہو سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں پاک بھارت جنگ بندی کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے آج معمول کے مطابق کھل گئے۔
تمام نجی و سرکاری سکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہوگیا ہے،لاہور تعلیمی بورڈ کے تحت انٹر پارٹ ٹو تھیوری کے امتحانات بھی آج سے شیڈول کے مطابق ہو رہے ہیں ۔
میٹرک امتحانات کے پریکٹیکل بھی آج سے شیڈول کے مطابق لئے جا رہے ہیں اس کے علاوہ انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو اور میٹرک پریکٹیکل کے ملتوی پرچوں کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
گزشتہ روز محکمہ سکول ایجوکیشن اتھارٹی اور ہائر ایجوکیشن نے 12 مئی سے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
خیال رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے 9 اور 10 مئی کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔