369News

’جنرل عاصم منیر کو جنگ روکنے پر شکریہ ادا کرنے کے لیے مدعو کیا تھا، ایران کو پاکستان سے بہتر کوئی نہیں جانتا‘ ڈونلڈ ٹرمپ

  • 9 گھنٹے قبل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انھوں نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ روکنے پر شکریہ ادا کرنے کے لیے پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا تھا۔ انھوں نے یہ بات آرمی چیف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات کے بعد ٹرمپ نے بتایا کہ ان کی جنرل منیر سے ایران کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے اور ’وہ ایران کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔۔ شاید دوسروں سے بہتر۔۔ اور وہ اس صورتحال سے خوش نہیں ہیں۔‘

امریکی صدر نے آج آرمی چیف عاصم منیر کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس کے کیبنٹ روم میں ظہرانہ دیا جہاں صحافیوں کو داخلے کی اجازت نہیں تھی۔

کھانے کے بعد انھوں نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے (پاکستان انڈیا) جنگ روکنے میں اہم کردار ادا کیا اور ’میں پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر سے ملاقات کو اپنے لیے باعثِ اعزاز سمجھتا ہوں۔‘

امریکی صدر نے بتایا کہ ان کی انڈیا کے وزیراعظم مودی سے بھی کچھ ہفتے قبل ملاقات ہوئی ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ پاکستان اور انڈیا دونوں بڑی جوہری طاقتیں ہیں اور دونوں کے بیچ جوہری جنگ چھڑ سکتی تھی مگر ’دو ذہین لوگوں نے جنگ روکنے کا فیصلہ کیا۔‘

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *