369News

سورج کاپارہ ہائی،بارش ہوگی یانہیں؟محکمہ موسمیات نے بتادیا

24نیوز)ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جبکہ بیشتر میدانی علاقے آئندہ 4 روز تک موسم کی شدت سے متاثر اور گرم لہروں کی لپیٹ میں رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب،سندھ اور بلوچستان میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زائد رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی اور وسطی علاقوں اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور وسطی و بالائی پنجاب  میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بلند رہ سکتا ہے۔

آج لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، اسی طرح بہاولپور میں45 ڈگری، ڈی جی خان میں 47، ملتان میں 44، سرگودھا میں 45 اور راولپنڈی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان میں آج کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38، گوادر میں36 اور سبی میں سب سے زیادہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،اسی طرح پشاور میں 44، بنوں میں 41 اور ڈیرہ اسماعیل خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری،گلگت بلتستان میں 36 ڈگری اور راولا کوٹ میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کل 22 مئی کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ محسوس کی جائے گی، جمعہ 23 مئی کو بھی موسم اسی طرح شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

ہفتہ اور اتوار کو گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے اور ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، ان دنوں کے دوران گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور آندھی کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں گرمی کی شدت برقرارہے اورموجودہ درجہ حرارت 31ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گرمی کی شدت 36 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے ، کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کاامکان ہے،مغربی سمت سے 17کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب 65 سے75 فیصد کے درمیان ریکارڈکیاگیاہے،کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36، حیدرآباد میں 42،سکھر میں 45 اور نوابشاہ میں 46 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔

دوسری طرف اے کیو آئی کے مطابق شہر کا فضائی معیار تسلی بخش قراردیاگیاہے اورپاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبر پر آگیاہے،اے کیو آئی کے مطابق ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 81پرٹیکولیٹ میٹرز ہے۔

شہرلاہورمیں بھی گرمی کی شدت بدستوربرقرارہے اورسورج نے صبح ہوتے ہی آگ برسانا شروع کر دی ہے جبکہ ہواؤں کا سلسلہ تھمنے سے  گھٹن میں اضافہ ہوگیاہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے اورآئندہ 24گھنٹوں کےدوران بھی بارش کا کوئی امکان نہیں ہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *