369News

ریموٹ کنٹرولڈ میزائل، پرزوں کی سمگلنگ اور ڈرون فیکٹریاں: ایران کے اندر اسرائیل کا خفیہ آپریشن جس کی تیاری مہینوں سے کی جا رہی تھی

ایران پر اسرائیلی حملے کے آغاز کے بعد سے شائع ہونے والی رپورٹس سے علم ہوتا ہے کہ اس جنگ کا محاذ 13 جون کو فضا سے نہیں بلکہ اس سے بہت پہلے ہی ایران کی زمین پر خفیہ اسرائیلی آپریشن کے ساتھ کھول دیا گیا تھا۔

اسرائیل اپنے خفیہ ادارے کی سرگرمیوں پر شاذ و نادر ہی تبصرہ کرتا ہے لیکن اب یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ موساد نے ہی ایران میں ممکنہ اہداف کی نشاندہی کرنے اور ایرانی سرزمین پر کارروائیوں کے آغاز میں کلیدی کردار ادا کیا۔

بی بی سی فارسی کی رپورٹ کے مطابق خیال کیا جاتا ہے کہ موساد کے ایجنٹوں نے ایران کے فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنانے کے لیے ملک میں سمگل کیے گئے ڈرونز استعمال کیے۔ ایرانی حکام پہلے بھی اعتراف کر چکے ہیں کہ انھیں شبہ ہے کہ ان کی سکیورٹی فورسز میں اسرائیلی انٹیلیجنس کے مددگار موجود ہیں۔

13 جون کو اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد سے ایرانی فوج کے اہم اعلیٰ حکام اور جوہری سائنس دانوں کی ایک بڑی تعداد کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل کے پاس ان کے بارے میں خفیہ معلومات موجود تھیں۔

متعدد میڈیا رپورٹس میں غیر سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے، جن میں اسرائیلی حکام بھی شامل ہیں، اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ کیسے ایرانی دفاعی نظام، میزائل ڈپو، کمانڈ سینٹرز اور ایرانی سرزمین کے اندر ٹارگٹ کلنگ کے لیے طویل عرصے سے ملک کے اندر خفیہ سرگرمیاں جاری تھیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *