1987 میں جب شیکھر کپور کی فلم ’مسٹر انڈیا‘ ریلیز ہوئی تو اس میں ولن کا کردار ادا کرنے والے امریش پوری نے ہیرو سے زیادہ سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔
’موگیمبو‘ کو بالی وڈ کی تاریخ میں سنگ میل کردار سمجھا جاتا ہے۔
بالاجی وٹل اپنی کتاب ’پیور ایول: دی بیڈ مین آف بالی وڈ‘ میں لکھتے ہیں کہ ’موگیمبو نے اپنی شخصیت میں ولن کی تصویر کشی کی تھی لیکن وہ خواتین کے خلاف تشدد کو ناپسند کرتے تھے۔ ان کا اپنی طرف توجہ مبذول کروانے کا انداز بالکل بچگانہ تھا۔ وہ اپنے ساتھیوں کو ہٹلر کے انداز میں ’ہیل موگیمبو‘ کہنے پر مجبور کرتے۔ سامعین کی نظروں میں شرارت تھی اور وہ موگیمبو کے انداز پر تالیاں بجانے پر مجبور ہو گئے۔‘
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے نوشہرہ میں پیدا ہونے والے امریش پوری نے اپنی ابتدائی تعلیم بی ایم کالج، شملہ سے حاصل کی۔ پچاس کی دہائی میں وہ بمبئی چلے گئے جہاں ان کے دو بھائی مدن پوری اور چمن پوری پہلے ہی فلموں میں کام کر رہے تھے۔
امریش پوری، جو اپنی ٹریڈ مارک ٹوپی، چوڑے کندھوں، لمبے قد اور بھاری آواز کے لیے مشہور ہیں، کو ان کا پہلا موقع انڈین تھیٹر کی مشہور شخصیت الکازی نے دیا۔