وطن جب جیت جاتا ہے تو مائیں ہار جاتی ہیں۔
یہ سطر محض الفاظ نہیں، یہ ایک عہد کی کہانی ہے، قربانیوں کی داستاں ہے، اور ان آنسوؤں کی تفسیر ہے جو ایک ماں کی ممتا کو بہا لے جاتے ہیں,ہم اکثر شہادت کو فتح سمجھتے ہیں، اور یقیناً ہے بھی لیکن اس فتح کا ایک پہلو ایسا بھی ہوتا ہے جسے صرف ماں محسوس کرتی ہے ,جو لعل اس نے اپنے خون سے سینچا جس کے لئے راتوں کی نیند قربان کی، وہی لعل جب وطن پر قربان ہو جاتا ہے، تو وہ ماں جیتنے والوں کی صف میں نہیں ہوتی، وہ تو ہار جاتی ہے… ہمیشہ کے لیے۔
ہر شہید کی ماں، تاریخ کے ماتھے کا جھومر ہوتی ہے,وہ ماں جو اپنے بیٹے کو کفن میں لپٹا دیکھتی ہے، مگر اس کی زبان پر شکایت نہیں ہوتی، بلکہ فخر ہوتا ہے, ایسے وقت میں اس کی آنکھوں میں آنسو نہیں، دعائیں ہوتی ہیں۔ وہ جانتی ہے کہ اس کا بیٹا مٹی میں دفن ہو کر مٹی کو ہی سرخرو کر گیا ہے۔
وطن جب جیتتا ہے تو صرف میدان میں نہیں، دلوں میں بھی فتح حاصل کرتا ہے۔ لیکن اس جیت کی قیمت وہ ہوتی ہے جو ہم اپنے سب سے قیمتی اثاثے دے کر ادا کرتے ہیں ,اپنے بیٹے، بیٹیاں، ماں، باپ، بھائی، بہنیں۔
ہم جب شہداء کی بات کرتے ہیں، تو صرف وردی میں ملبوس پاک افواج کے ان جانبازوں کا ہی ذکر نہیں ہوتا جنہوں نے دشمن کی گولی کا سینہ تان کر سامنا کیا,ہم ان بے گناہ سولیز بچوں، نوجوانوں، خواتین، اور بوڑھوں کو بھی یاد کرتے ہیں جو دہشتگردی، بم دھماکوں، سرحدی گولہ باری، اور اندرونی حملوں میں شہید ہوئے,صرف اس لیے کہ وہ پاکستان کے بیٹے اور بیٹیاں تھے۔
ان معصوم بچوں کی ہنستی کھیلتی زندگیاں، ان ماں باپ کی ٹوٹتی امیدیں، ان نوجوانوں کے ادھورے خواب، اور ان بوڑھی آنکھوں کے انتظار۔۔،یہ وہ قربانیاں ہیں جن کا کوئی تمغہ نہیں ہوتا، لیکن ان کا وزن تاریخ کی پیشانی پر ثبت ہوتا ہے۔
سلام ہے ان سب کو… جو اس دھرتی ماں کے اصل وارث ہیں,جو نہ بندوق رکھتے تھے، نہ وردی ,مگر جن کا خون اس وطن کی مٹی میں گواہی دیتا ہے کہ ہم نے بھی پاکستان کی بقاء کے لیے جان دی ہے!”
آئیے، ہم ان سب عظیم شہداء کو ایک برابر احترام کے ساتھ یاد کریں، چاہے وہ کسی مورچے میں لڑے یا کسی اسکول میں شہید ہوئے، کسی سڑک پر بم دھماکے کا نشانہ بنے یا کسی بس میں اپنی آخری سانس لی۔ وہ سب ہمارے ہیرو ہیں۔
یہ وطن اُن سب کا مقروض ہے,یہ کالم ان ماؤں اور شہداء کے نام، جن کی قربانیوں نے وطن کو سرخرو کیا، اور ہمیں آزادی کا مفہوم سکھایا,آپ سبھی ماؤں اور شہداء کو میرا دل سے سلام!