369News

موسلادھار بار شیں ، ندی ، نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ، ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، میانوالی، سرگودھا، گجرات، سیالکوٹ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، نارووال، لاہور، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش ہونے کا امکان ہے۔

 پشاور، دیر، چترال، سوات، بونیر، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مالاکنڈ، مردان، صوابی، باجوڑ، مہمند، کرم، خیبر، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں، وزیرستان اور ٹانک میں بارش ہونے کی توقع ہے۔

سندھ میں بیشتر مقامات پر موسم گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ سانگھڑ، عمر کوٹ، تھرپارکر، مٹھی اور میرپور خاص میں بارش ہونے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے لیکن بارکھان، موسی خیل، لورالائی، خضدار اور آواران میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دوسری جانب مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا گیا،دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا، دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب، گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہوگئی، دریائے سندھ میں بڑا سیلابی ریلہ ڈی جی خان کی حدود میں داخل ہوگیا۔

جھنگ میں دریائے چناب میں طغیانی سے 10 سے زائد دیہات زیرآب آگئے، فصلوں اور آبادیوں میں پانی داخل ہوگیا، رابطہ سڑکیں ڈوب گئیں، حافظ آباد میں دریائے چناب کے اطراف کٹاؤ میں اضافہ ہوگیا، تونسہ شریف میں دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال برقرار رہی، زرعی اراضی دریا برد ہوگئی۔

سیہون شریف میں کچے کے علاقے میں 10 روز سے سیلابی صورتحال پیدا، تین یونین کونسلز کے متعدد دیہات کا شہروں سے زمینی رابطہ کٹ گیا، بھکر میں دریائے سندھ میں طغیانی سے فصلوں کو نقصان پہنچا، میانوالی کی تحصیل عیسیٰ خیل کے متعدد علاقے زیر آب آگئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *