انتباہ: اس رپورٹ میں موجود تصاویر تکلیف دہ ہو سکتی ہیں۔
جنگ کی بربریت بڑھتی جا رہی ہے۔ ہلاک ہونے والے، ہلاک ہونے والوں کے ٹکڑے، مرنے والے، فاقہ کرنے والے۔۔۔ یہ وہ مناظر ہیں جو غزہ کی پٹی میں میرے ساتھیوں کو دن بدن بڑی تعداد میں دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ایسے میں اپنی نظر ہٹانے کا خیال قوی ہوتا ہے لیکن بی بی سی کے لیے کام کرنے والے کیمرہ مین اپنا منھ نہیں موڑ سکتے اور منگل کے دن خود ان میں سے ایک اس جنگ کا نشانہ بن گیا۔ غزہ کی پٹی میں کام کرنے والے ہمارے ساتھیوں کی حفاظت کی وجہ سے ہم ان کے نام ظاہر نہیں کر سکتے۔
ہمارے کیمرہ مین زیادہ زخمی نہیں ہوئے لیکن ایسا صرف قسمت کی وجہ سے ہوا۔ خان یونس میں یورپی ہسپتال کی پارکنگ پر اسرائیلی بمباری میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ہسپتال کے نیچے موجود ایک کمانڈ اور کنٹرول مرکز میں حماس کے رہنما چھپے ہوئے تھے جہاں ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے حماس پر الزام لگایا کہ انھوں نے ہسپتال کے گرد موجود عام شہری آبادی کو خطرے میں ڈالا تاہم حماس نے اس کی تردید کی ہے۔